ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر ای گیٹس کی تنصیب کیلئے جگہ کا حتمی تعین کر لیا گیا ہے، جبکہ لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر بھی تیاریوں کا عمل جاری ہے۔
ای گیٹس کی تنصیب کا مقصد امیگریشن کاؤنٹرز پر رش کم کرنا اور مسافروں کو کم وقت میں سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے، یہ جدید ای گیٹس ایف آئی اے کے امیگریشن کاؤنٹرز پر نصب کی جائیں گی، جہاں مسافر خودکار نظام کے ذریعے اپنی شناخت اور سفری دستاویزات کی تصدیق کروا سکیں گے۔ اس اقدام سے امیگریشن کے طویل انتظار اور قطاروں کے مسائل میں واضح کمی متوقع ہے۔
یہ منصوبہ ایف آئی اے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور نادرا کے باہمی اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے، نادرا کا ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی اس نظام کا اہم حصہ ہوگی، جس سے سیکیورٹی کے تقاضے بھی بہتر انداز میں پورے کیے جا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ کا پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی اسکالرشپ پروگرامز کا آغاز
رپورٹس کے مطابق ای گیٹس کو ڈیپارچر اور آرائیول دونوں کاؤنٹرز پر نصب کیا جائے گا تاکہ آنے اور جانے والے مسافروں کو یکساں سہولت میسر ہو۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس تک محدود ہوگی، تاہم مستقبل میں دیگر ہوائی اڈوں پر بھی اس نظام کو وسعت دیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای گیٹس کی تنصیب سے نہ صرف مسافروں کا وقت بچے گا بلکہ ملک کے امیگریشن نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں بھی مدد ملے گی۔