حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس، عام تعطیل کا اعلان
صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 774ویں سالانہ عرس کے موقع پر ضلع جامشورو میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
جامشورو: (سنو نیوز) صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 774ویں سالانہ عرس کے موقع پر ضلع جامشورو میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو نے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر ضلع بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے 774 ویں عرس کے موقع پر 7 فروری بروز ہفتہ ضلع بھر میں عام تعطیل ہوگی، 7 فروری کو ضلع جامشورو کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر کا تین روزہ سالانہ عرس 7 سے 9 فروری تک جامشورو ضلع کے تعلقہ سیہون میں منایا جائے گا۔

خیال رہے کہ عرس میں شرکت کے لیے زائرین کی آمد کا سلسلہ کئی دن پہلے ہی شروع ہو چکا ہے، زائرین میں مرد، عورت، بوڑھے، بچے سبھی شامل ہیں جو دھمال ڈالتے ہوئے مزار کا رخ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج کیلئے بائیو میٹرک کی آخری تاریخ کا اعلان

اس عرس میں شرکت کے لیے پاکستان کے طول و عرض سے لوگوں سیہون کا رخ کرتے ہیں اور زائرین کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی جاتی ہیں۔

رواں برس بھی پاکستان ریلوے کی جانب سے سیہون شریف کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق پہلی خصوصی ٹرین 4 فروری کو فیصل آباد سے سیہون شریف کے لیے روانہ ہوئی جبکہ دوسری خصوصی ٹرین 4 فروری کو ہی لاہور سے سیہون پہنچی۔

ریلوے حکام کا بتانا ہے کہ تیسری خصوصی ٹرین آج 5 فروری کو لاہور سے سیہون شریف کے لیے روانہ ہوئی ہے، زائرین کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر تین خصوصی ٹرینیں چلائی گئی ہیں، ان خصوصی ٹرینوں کے ذریعے عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کو محفوظ، آرام دہ اور سہل سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔