وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حج ویزا پراسیسنگ کیلئے تمام عازمین کو ہر صورت 8 فروری تک بائیو میٹرک عمل مکمل کرنا ہوگا، بصورت دیگر حج ویزا جاری نہیں کیا جا سکے گا۔
اے پی پی کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق حج ویزا کے اجرا کیلئے لازمی شرط ہے اور اس مرحلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عازمین حج اپنی سہولت کیلئے اپنے متعلقہ بینکوں سے بھی رہنمائی اور مدد حاصل کر سکتے ہیں، جہاں تربیت یافتہ عملہ انہیں مکمل طریقہ کار سمجھانے میں معاونت کرے گا۔
وزارت نے بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ جدید Saudi Visa Bio ایپ عازمین کیلئے سب سے آسان اور ترجیحی طریقہ ہے، یہ ایپ موبائل پلے اسٹور سے بآسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپ پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کریں، پاسپورٹ اسکین کریں، سیلفی اپ لوڈ کریں اور دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں۔ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد عازمین کو ایک کنفرمیشن ای میل موصول ہوگی، جسے آئندہ حج پراسیس کیلئے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
وزارت کے مطابق بعض عازمین کو ایپ کے ذریعے رجسٹریشن یا فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایسے عازمین کی سہولت کیلئے ملک بھر میں 6 تاشیر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل کروایا جا سکتا ہے، یہ سینٹرز اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، ملتان اور کوئٹہ میں واقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بسنت کے دوں میں مفت سفر کیسے کر سکتے ہیں؟ جانیے
اسلام آباد میں عوامی ٹریڈ سینٹر جی نائن، لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب دی انٹرپرائز بلڈنگ، کراچی میں ایف ٹی سی بلڈنگ شاہراہ فیصل، پشاور میں الحاج ٹاور یونیورسٹی روڈ، ملتان میں کرسٹل مال بوسن روڈ اور کوئٹہ میں میمار پلازہ خوجک روڈ پر تاشیر سینٹرز قائم ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ تاشیر سینٹرز کے اوقاتِ کار پیر تا جمعہ، دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ عازمین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد بائیو میٹرک عمل مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔