لعل شہباز قلندر کے مزار کی نذرانے کی پیٹیوں سے 2 کروڑ سے زائد رقم نکلی
سیہون میں معروف صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کی نذرانے کی پیٹیاں کھول دی گئی ہیں۔
فائل فوٹو
سیہون: (ویب ڈیسک) سیہون میں معروف صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کی نذرانے کی پیٹیاں کھول دی گئی ہیں۔

محکمہ اوقاف کے چیف ایڈمنسٹریٹر مختیار ابڑو نے بتایا کہ لعل شہباز قلندر کے مزار پر موجود نذرانے کی پیٹیوں کو 8 ماہ 14 دن بعد کھولا گیا ہے اور پیٹیوں میں موجود رقم کی 4 روز تک گنتی جاری رہی۔

انہوں نے بتایاکہ 4 روز کی گنتی کے دوران پٹیوں سے 2 کروڑ 38 لاکھ 78 ہزار 750 روپے کی رقم نکلی ہے جبکہ نذرانے کی پیٹیوں سے سونا اور چاندی بھی بڑی مقدار میں ملی ہے۔

چیف ایڈمنسٹریٹر محکمہ کا کہنا تھاکہ غیر ملکی کرنسی بھی نذرانے میں شامل ہے جبکہ پیٹیوں سے ملنے والاسونا اور چاندی توشہ خانے میں جمع کرایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس، عام تعطیل کا اعلان

مختیار ابڑو کے مطابق محکمہ اوقاف کے حکام کی سخت نگرانی میں گنتی کے عمل کو مکمل کیا گیا اور رقم بینک میں جمع کروا دی گئی ہے۔

خیال رہے لعل شہباز قلندر کا شمار برصغیر کے عظیم صوفی بزرگوں میں ہوتا ہے، ان کا مزار سندھ کے شہر سیہون میں واقع ہے ، ان کا سالانہ عرس قمری مہینے شعبان میں منایا جاتا ہے جس میں ملک کے طول و عرض سے ہزاروں لوگ شرکت کرتے ہیں اور نذرانے پیش کرتے ہیں۔