پٹرول سستا، ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی آگئی
پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد راولپنڈی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد راولپنڈی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔

راولپنڈی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی ہونے پر ڈیزل پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرائے 15 فیصد کم کر دئیے ، پٹرول گاڑیوں کے کرایوں میں بھی 5 فیصد کمی کر دی گئی ہے جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے میں 26 فیصد تک کمی پر اتفاق ہو گیا۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سید اسد عباس کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹرز نے خصوصی طور پر شرکت کی، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور تمام ٹرانسپورٹ یونینز میں کرائے کم کرنے پر اتفاق ہوا۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی سے مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ قیامت خیزمہنگائی کا طوفان آیا ہے، وعدہ کیا تھا تیل کی قیمتیں کم ہوں گی تو فوری فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 358 روپے ہو گی، پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 12 روپے کی کمی کی گئی ہے، پٹرول کی فی لٹر قیمت 378 روپے سے کم کر کے 366 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔