پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن آگیا
پٹرولیم مصنوعات
حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، جس کے تحت عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 366 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کرتے ہوئے 135 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

مزید برآں مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 17 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 450 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ آج تاریخ سازموقع پربات کررہا ہوں،آج اللہ کے فضل سے خلیج میں جنگ نہیں، امن کی باتیں ہو رہی ہیں، آج فریقین بات چیت کے لیےراضی ہو چکے ہیں، انتہائی اہم پیش رفت پر برادر ملک ایران اور امریکا کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے میری تجویز قبول کرتے ہوئے نہ صرف عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ میری پر خلوص دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد آرہی ہے، پاکستان کو اللہ تعالی نے میزبانی کا شرف عطا فرمایا ہے۔ امریکا اور ایران کی قیادت پاکستان پہنچ رہی ہے، مریکا اور ایران کی قیادت کو اسلام آباد آنے کی دعوت پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیامت خیزمہنگائی کا طوفان آیا ہے، وعدہ کیا تھا تیل کی قیمتیں کم ہوں گی توفوری فائدہ عوام کومنتقل کریں گے، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 358 روپے ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 12 روپے کی کمی کی گئی ہے، پٹرول کی فی لٹر قیمت 378 روپے سے کم کر کے 366 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔