امریکہ کا پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی اسکالرشپ پروگرامز کا آغاز
US scholarships for Pakistani students
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکہ نے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے اسکالرشپ پروگرامز کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی اے بیکر نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے جو عوامی روابط پر مبنی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ان تعلیمی پروگرامز کے ذریعے طلبہ نا صرف تعلیم حاصل کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کی ثقافت کو بھی بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستانی طلبہ کو تعلیم کے میدان میں بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف اسکالرشپ پروگرامز شروع کیے جا چکے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی طلبہ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور وہ عالمی سطح پر اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا پاکستانی طلبہ کے لیے میڈیکل نشستیں مختص کر نے کا فیصلہ

امریکی قائم مقام سفیر نے پاکستانی ثقافت سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تہذیب و روایات انکے دل کے قریب ہیں اور وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے، انہوں نے شمالی علاقوں کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنزہ اور فیری میڈوز سمیت دیگر حسین مقامات کی سیر کی خواہش رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہا ہے اور خیبرپختونخوا میں تعلیمی ترقی کے ایک اہم منصوبے پر عملی پیش رفت جاری ہے۔ نیٹلی اے بیکر کے مطابق نوجوان پاکستان ملک کا روشن مستقبل ہے اور تعلیم کے ذریعے انہیں بااختیار بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔