میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعتِ اسلامی کے مقامی رہنما مولانا رضا الکریم ضلع شیرپور کے علاقے جھینائی گاتی میں پیش آنے والے واقعے کے دوران شدید زخمی ہوئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی انتظامیہ کی جانب سے شیرپور-3 کے حلقے میں امیدواروں کے انتخابی منشور پڑھنے کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی۔ تقریب کے دوران نشستوں کے معاملے پر بی این پی اور جماعتِ اسلامی کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق تصادم کے دوران سینکڑوں کرسیاں توڑ دی گئیں جبکہ کئی موٹر سائیکلیں بھی نذرِ آتش یا شدید نقصان کا شکار ہوئیں۔ جھڑپوں میں دونوں جماعتوں کے کم از کم 30 کارکن زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی تھی، تاہم ہجوم کو منتشر کرنے میں وقت لگا۔
یہ بھی پڑھیں:طیارہ گر کر تباہ، کانگریس رکن سمیت 15 افراد ہلاک
مولانا رضا الکریم جماعتِ اسلامی کی سری بردی اپازلا شاخ کے سیکرٹری تھے اور فتح پور فاضل مدرسہ میں عربی کے لیکچرار کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔ انہیں تشویشناک حالت میں میمن سنگھ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق رات 9 بج کر 35 منٹ پر اسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا، جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔