طیارہ گر کر تباہ، کانگریس رکن سمیت 15 افراد ہلاک
Colombia plane crash
فائل فوٹو
بوگوٹا: (ویب ڈیسک) کولمبیا میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

یہ دلخراش حادثہ وینزویلا کے ساتھ واقع کولمبیا کی مشرقی سرحد کے قریب ایک دشوار گزار اور پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں امدادی کارروائیاں بھی شدید مشکلات کا شکار رہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ کوکوٹا سے اوکانا جا رہا تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول حکام نے بتایا کہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل طیارے سے رابطہ اچانک منقطع ہو گیا، جس کے بعد طیارے کی تلاش شروع کی گئی۔ چند گھنٹوں بعد حکام نے تصدیق کی کہ طیارہ پہاڑی علاقے میں گر کر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

حکام کے مطابق طیارے میں کولمبیا کی کانگریس کے ایک نمائندے سمیت 13 مسافر اور 2 کریو ممبران سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کی گئیں، تاہم خراب موسم، گھنے جنگلات اور دشوار راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہوئی۔ بعد ازاں تمام لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:طیارہ حادثہ، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سمیت 4 افراد ہلاک

ابتدائی تحقیقات میں حکام نے خراب موسمی حالات کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش اور کم حدِ نگاہ کی صورتحال تھی۔ تاہم سول ایوی ایشن اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کیلئے باضابطہ تحقیقات جاری ہیں۔

کولمبیا کے صدر اور اعلیٰ حکام نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔