سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ بندر بن عبداللہ آل سعود گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے، جن کی نمازِ جنازہ بعد از نمازِ عصر ریاض کی جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، شاہی خاندان کے افراد، اعلیٰ سرکاری حکام، معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ ایوانِ شاہی کی جانب سے مرحوم شہزادے کیلئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی گئی ہے۔
شہزادہ بندر بن عبداللہ آل سعود کا شمار شاہی خاندان کی معزز شخصیات میں ہوتا تھا۔ ان کے انتقال کو نہ صرف شاہی خاندان بلکہ عوامی حلقوں میں بھی ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی مختلف شخصیات اور شہریوں کی جانب سے مرحوم کیلئے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا قاری محمد یوسف انتقال کر گئے
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ بھی سعودی عرب میں شاہی خاندان کو ایک اور صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے قبل شہزادہ عبد اللہ بن فہد بن عبد اللہ بن عبد العزیز بیرونِ ملک انتقال کر گئے تھے، جن کی نمازِ جنازہ بھی ریاض کی جامع امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی گئی تھی۔
ایوانِ شاہی کے مطابق مرحوم شہزادوں کی خدمات اور وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شاہی خاندان اور عوام کی جانب سے اس مشکل گھڑی میں مرحومین کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب میں شاہی خاندان کی جانب سے مرحومین کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔