شادباغ کے علاقے ٹوکے والا چوک کے قریب پتنگ کی تیز دھار ڈور گلے پر لگنے سے 24 سالہ بلال اسلم شدید زخمی ہوگیا، ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع رات 3 بج کر 3 منٹ پر کنٹرول روم کو موصول ہوئی جس کے بعد امدادی ٹیم فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئی۔
ریسکیو اہلکار نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی ، تاہم ڈور لگنے کے باعث نوجوان کی گردن کی ایک اہم رگ بری طرح متاثر ہوئی ہے، زخمی کو فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اسکی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: گل پلازہ میں لگی آگ بجھ گئی، جاں بحق افراد کی تعداد 14، ہوگئی
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضاء پھیل گئی جبکہ شہریوں نے پتنگ بازی اور کیمیکل ڈور کے استعمال کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، تاہم ہر سال قیمتی جانوں کے نقصان کے باوجود اس خطرناک کھیل کے خلاف سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔