فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے تصدیق کی ہے کہ سی ایس ایس 2025 کے امتحانات کے حتمی نتائج فروری 2026 کے آخری ہفتے میں جاری کیے جائیں گے۔
ایف پی ایس سی ذرائع کے مطابق، تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے 80 فیصد سے زائد امیدوار اپنے انٹرویوز، نفسیاتی جانچ اور میڈیکل ٹیسٹ مکمل کر چکے ہیں جبکہ باقی چند امیدواروں کے انٹرویوز آئندہ دنوں میں مکمل کیے جائیں گے،ان مراحل کے بعد کمیشن میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دے کر سرکاری نتائج کا اعلان کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا نیا انداز توجہ کا مرکز بن گیا
سی ایس ایس 2025 کا تحریری امتحان رواں سال کے آغاز میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی، ان میں سے صرف 2.77 فیصد امیدوار تحریری مرحلہ کامیابی سے عبور کر سکے جو امتحان کی سختی اور اعلیٰ معیار کو ظاہر کرتا ہے۔
حتمی نتائج میں مجموعی کامیابی کی شرح تقریباً 2.5 فیصد رہنے کی توقع ہے جو اس باوقار امتحان کی انتہائی مسابقتی نوعیت کو اجاگر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی جانے کے خواہشمند طلبا کیلئے خوشخبری
کامیاب امیدواروں کو مختلف اعلیٰ سطحی وفاقی خدمات میں تعینات کیا جائے گا جن میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان ، فارن سروس آف پاکستان ،انکم ٹیکس، کسٹمز اینڈ ایکسائز، پوسٹل گروپ، کامرس اینڈ ٹریڈ، انفارمیشن گروپ، ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس، آفس مینجمنٹ، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اور ریلوے کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹیشن گروپ شامل ہیں۔
ایف پی ایس سی حکام نے امیدواروں کو یقین دلایا ہے کہ نتائج کے اعلان کے لیے تمام انتظامی اور تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس سے بروقت اشاعت کو یقینی بنایا جا سکے گا، ملک بھر کے امیدوار ایف پی ایس سی کی تازہ اطلاعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ پاکستان کے مستقبل کے سول سروس رہنماؤں میں شامل ہونے کا موقع حاصل کر سکیں۔