دو تیز رفتار ٹرینوں کا تصادم، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
Spain train crash
فائل فوٹو
میڈرڈ: (ویب ڈیسک) جنوبی اسپین میں پیش آنے والے ایک ہولناک ٹرین حادثے دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 100 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میڈرڈ سے ہیولوا جانے والی ایک تیز رفتار ٹرین اچانک پٹری سے اتر گئی، جس کے بعد مخالف سمت سے آنے والی دوسری تیز رفتار ٹرین سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں ٹرینوں کے کئی ڈبے بری طرح تباہ ہو گئے اور جائے حادثہ پر خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔

حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایک ٹرین میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے جبکہ دوسری ٹرین میں تقریباً 100 افراد موجود تھے۔ افسوسناک طور پر میڈرڈ سے ہیولوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: گل پلازہ آتشزدگی کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

 

 

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد مسافروں کی چیخ و پکار سنائی دیتی رہی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔

حادثے کے بعد ریلوے حکام نے متعلقہ روٹ پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے تاکہ امدادی سرگرمیاں مکمل کی جا سکیں۔

اسپین کی حکومت نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔