ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں نے گل پلازہ آتشزدگی واقعے کی رپورٹ جمع کرائی۔
رپورٹ کے مطابق رات 10 بج کر 26 منٹ پر گل پلازہ میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، اطلاع ملتے ہی سینٹرل فائر اسٹیشن اور صدر فائر اسٹیشن سے دو فائر ٹینڈرز فوری طور پر روانہ کیے گئے، فائر ٹینڈرز چند منٹوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بتایا کہ آگ کی شدت میں اضافے پر فائر فائٹرز نے مزید نفری اور فائر گاڑیوں کو طلب کیا، بعد ازاں شہر کے سولہ فائر اسٹیشنز سے فائر گاڑیاں روانہ کی گئیں جو موقع پر پہنچ گئیں، واٹر بورڈ حکام کی جانب سے بھی واٹر ٹینکرز اور مطلوبہ عملہ موقع پر پہنچ گیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، آگ کی شدید صورتحال کے باوجود فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کرتے رہے، اسی دوران فائر فائٹر جوان فرقان شہید ہو گئے، عوامی ہجوم اور ٹریفک کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں نے بریفنگ میں بتایا کہ گل پلازہ کم و بیش پونے دو ایکٹر پر مشتمل بازار ہے، گل پلازہ میں 1500 سے زائد دکانیں تھیں جن میں بیک وقت آگ بھڑکی ہوئی تھی، آگ پر ابتدائی قابو پانے کے لئے کوئی نظام موجود نہیں تھا، آگ بجھانے کے لئے بھی کوئی ایمرجنسی راستے بازار میں موجود نہیں تھے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آتشزدگی کی ابتدائی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی، ممکنہ طور پر یا تو شارٹ سرکٹ یا پھر بجلی کے ڈبل فیز ایک ساتھ آنے سے بھی آگ بھڑک سکتی ہے۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ اپنی 37 سالہ نوکری کے دوران ایسی آگ نہیں دیکھی جو بیک وقت ہر جگہ لگی ہوئی تھی۔
دوسری جانب چھیپا ذرائع نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی ابتدائی فہرست جاری کردی ، واقعہ میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی۔
اس کو بھی پڑھیں: لاہور جانے والی ٹرین میں آگ لگ گئی
چھیپا ذرائع کے مطابق واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کاشف ولد یونس عمر 40 سال ، فراز ولد ابرار عمر 55 سال ، محمد عامر ولد نامعلوم عمر 30 سال ، فرقان ولد شوکت علی عمر 25 سال سے ہوئی جبکہ جاں بحق ہونے والے دو افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔
اسی طرح حسیب ولد وسیم عمر 25 سال، وسیم ولد سلیم عمر 20 سال، دانیال ولد سراج عمر 20 سال، صادق ولد نامعلوم عمر 35 سال، حمزہ ولد محمد علی عمر 22 سال، رحیم ولد گل محمد عمر 25 سال، فہد ولد محمد ایوب عمر 20 سال، جواد ولد جاوید عمر 18 سال کی دم گھٹنے کے باعث حالت غیر ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق عبداللہ ولد ظہیر عمر 20 سال، عثمان ولد اضغر علی عمر 20 سال، فہد ولد حنیف عمر 47 سال، زین ولد عبداللہ عمر 23 سال، ایان عمر 25 سال اور نادر عمر 50 سال کو بھی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی دیکھیں: عازمین حج 2026 کیلئے تربیتی سیشنز کا شیڈول جاری
چھیپا ذرائع کے مطابق دھویں کے باعث دم گھٹنے سے حالت خراب ہونے والے 4 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے باعث آل کراچی تاجر برادری نے کل بروز پیر یومِ سوگ منانے کا اعلان کردیا۔
تاجر برادری کے مطابق یومِ سوگ کے دوران کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر معطل رہیں گی جبکہ جاں بحق افراد کے لیے دعا اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔