تفصیلات کے مطابق میانوالی ایکسپریس ٹرین ماڑی انڈس سے لاہور کی جانب رواں دواں تھی کہ دورانِ سفر پائی خیل ریلوے اسٹیشن کے قریب اچانک ایک بوگی سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے آگ میں تبدیل ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے عملے اور ریسکیو اداروں کو فوری طور پر آگاہ کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد دو فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے نہایت مہارت سے آگ پر قابو پالیا، جبکہ ٹرین میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔
خوش قسمتی سے کسی مسافر یا ریلوے عملے کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں:دھند کے باعث حادثہ، 14 افراد جاں بحق، 9 زخمی
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ریسکیو اہلکاروں اور ریلوے اسٹاف نے مسافروں کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی اور منظم انداز میں بوگی خالی کروائی۔ کئی مسافروں نے بروقت کارروائی پر ریسکیو اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
آگ لگنے کی ابتدائی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی اصل وجہ اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔