پنجاب: تعلیمی بورڈز میں نئی پالیسی نافذ
Practical Exams
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں بورڈ امتحانات کے عملی (پریکٹیکل) نمبروں کے نظام میں شفافیت لانے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔

اس نئی پالیسی کے تحت امتحانی مراکز میں موجود امتحان لینے والوں (ایگزامنرز) سے یہ اختیار واپس لے لیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو عملی امتحانات میں مکمل نمبر دے سکیں۔

نئے نظام کے مطابق عملی امتحان کے نمبروں کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ عملی امتحان کے تحریری حصے کو متعلقہ تعلیمی بورڈ کے مرکزی مارکنگ سسٹم کے ذریعے چیک کیا جائے گا جبکہ امتحانی مرکز میں موجود ایگزامنر صرف طلبہ کے وائیوا (زبانی امتحان) اور عملی کارکردگی کی بنیاد پر محدود نمبر دے سکے گا۔

ذرائع کے مطابق لاہور تعلیمی بورڈ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پنجاب میں عملی امتحانات کے نمبروں سے متعلق رشوت اور ذاتی تعلقات کی پرانی روایت ختم ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسکولوں اور کالجوں میں عید کے موقع پر 11 مسلسل چھٹیاں

حکام کے مطابق یہ نئی پالیسی فزکس، کیمسٹری، بایولوجی اور کمپیوٹر کے عملی امتحانات میں نافذ کی جائے گی۔ یہ نظام پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں لاگو ہوگا۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے عملی امتحانات میں شفافیت بڑھے گی اور طلبہ کو اچھے نمبر حاصل کرنے کے لیے حقیقی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

ضرور پڑھیں