سرگودھا: دھند کے باعث حادثہ، 14 افراد جاں بحق، 9 زخمی
سرگودھا میں ٹریفک حادثہ
سرگودھا میں دھند کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں مزدہ ٹرک گلاپور پل سے نہر میں جا گرا/ فائل فوٹو
سرگودھا (سنو نیوز): سرگودھا میں دھند کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں مزدہ ٹرک گلاپور پل سے نہر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ ٹرک میں سوار افراد کسی فوتگی کے موقع پر جا رہے تھے۔

مذکورہ حادثہ سرگودھا کے گلاپور پل کے قریب پیش آیا، جہاں انتہائی دھند اور کم دید کی وجہ سے ٹرک کی ڈرائیور کا قابو کھو بیٹھا اور وہ نہر میں جا گرا۔ خوش قسمتی سے سرگودھا نہر میں پانی نہیں تھا، لیکن ٹرک کے نیچے آنے والے افراد کی زندگیوں کو بچایا نہ جا سکا۔

مزدا ٹرک میں کل 23 افراد سوار تھے، جن میں زیادہ تر افراد ایک فوتگی کے سلسلے میں جا رہے تھے۔ حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن منتقل کر دیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، اور ان کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 12 دہشتگرد جہنم واصل

موقع پر موجود افراد اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، لیکن اس سانحہ نے پورے علاقے کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا۔ مقامی افراد اور ریسکیو عملے کے مطابق حادثے کا سبب دھند اور سڑک کی غیر واضح صورتحال تھی، جس کے باعث ٹرک کا ڈرائیور صحیح طریقے سے گاڑی کو کنٹرول نہ کر سکا۔

پولیس اور متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ٹرک کے ڈرائیور کی غفلت تھی یا پھر یہ قدرتی عوامل کی وجہ سے پیش آیا۔ اس حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر دھند کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔