خاران: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 12 دہشتگرد جہنم واصل
سکیورٹی نے بلوچستان کے ضلع خاران میں کارروائیوں کے دوران 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) سکیورٹی نے بلوچستان کے ضلع خاران میں کارروائیوں کے دوران 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الہندوستان کے تقریباً 15 سے 15 بھارتی اسپانسر شدہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع خاران میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں، دہشت گردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹ لیے تاہم سکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، سکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گردجہنم واصل ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن میں یرغمالی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی ، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں میں 13 خوارج ہلاک

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ علاقہ میں موجود دیگر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن "عزم استحکام" کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع خاران میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بروقت و مؤثر ردِعمل سے بڑے نقصان کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عزم ہے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا، ریاست ملک دشمن عناصر کو پوری طاقت سے جواب دیتی رہے گی۔

اس کو بھی پڑھیں: قلات، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے حملوں کو ناکام بنایا، خاران آپریشن میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے حملے پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں،فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد اور ان کے سہولت کار دھرتی کا بوجھ ہیں، قوم کی حمایت سے فتنہ الہندوستان کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔