پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں انڈین پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف دو الگ کارروائیوں میں انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تیرہ خوارج جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا ،سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع کرم میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قلات، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے خلاف عزم استحکام ویژن کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں اور ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: ٹانک، پولیس وین پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں اور کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کی خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں سکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ فخر ہے ، دہشت گردوں کا مکمل صفایا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین پر دشمنوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، معصوم شہریوں کے قاتلوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا، دہشت گردوں کے سہولت کار بھی نشانِ عبرت بنیں گے۔