ٹانک: پولیس وین پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید
ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے گومل میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا، یہ افسوسناک واقعہ ٹانک کے علاقے کوٹ ولی سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی بکتربند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او اسحاق خان سمیت 6 پولیس اہلکار اے ایس آئی شیر عالم، شفیع، حضرت علی، احسان اللہ مجید ڈرائیور شہید ہو گئے، بکتر بند گاڑی گومل سے ٹانک آ رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 خوارج ہلاک

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ سکیورٹی فورسز واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک میں دہشتگرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو جلد ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اس کو بھی پڑھیں: انٹیلی جنس ایجنسی کا کارنامہ، کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ٹانک بم دھماکہ میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار وں کی شہادت پر افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہا رکیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹانک میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔