خوفناک آگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں کی متعدد گاڑیاں موقع پر موجود ہیں، تاہم آگ کی شدت، شدید حرارت اور دھویں کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آگ کی لپیٹ میں آنے سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا، جس سے صورتحال مزید خطرناک ہو گئی۔ عمارت کا حصہ گرنے کے بعد فائر بریگیڈ اہلکار فرقان بھی لاپتہ ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
آتشزدگی کے اثرات قریبی عمارتوں تک بھی پہنچ گئے ہیں، برابر میں واقع رمپا پلازہ میں دھواں بھرنے لگا ہے، جس کے باعث وہاں موجود افراد کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور جانے والی ٹرین میں آگ لگ گئی
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی نوعیت اور عمارت میں موجود مواد کے باعث اسے مکمل طور پر بجھانے میں وقت لگ رہا ہے، تاہم آگ کی شدت میں کچھ حد تک کمی آئی ہے، واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق گل پلازہ کی عمارت 1989 میں تعمیر کی گئی تھی، مکمل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت میں ہنگامی حالات کیلئے کوئی مناسب ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں تھا، جس نے نقصانات میں اضافہ کیا۔