عازمین حج 2026 کیلئے تربیتی سیشنز کا شیڈول جاری
Hajj 2026 training Punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے عازمینِ حج 2026 کیلئے تربیتی سیشنز کا جامع شیڈول جاری کر دیا، جس کے تحت صوبے بھر میں حج تربیت 28 جنوری سے 14 فروری 2026 تک منعقد ہوگی۔

تربیتی سیشنز کا مقصد عازمین کو مناسکِ حج کی مکمل معلومات فراہم کرنا اور ان کی صحت و حفاظت کے حوالے سے ضروری اقدامات سکھانا ہے۔

لاہور میں فیصل آڈیٹوریم پنجاب یونیورسٹی میں 28 جنوری سے 4 فروری تک تربیتی سیشنز جاری رہیں گے۔ فیصل آباد میں عازمین کیلئے تربیت 13 اور 14 فروری کو اقبال آڈیٹوریم زرعی یونیورسٹی میں ہوگی۔ اسی طرح سیالکوٹ کے عازمین کیلئے 13 فروری جبکہ گوجرانوالہ میں 6 فروری سے 8 فروری تک صبح و شام روزانہ دو سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔

خصوصی سیشنز میں پنجاب فوڈ اتھارٹی عازمین کو خوراک کی حفظانِ صحت (Food Hygiene) پر بریفنگ دیں گی، جبکہ ریسکیو 1122 کے ماہرین فرسٹ ایڈ اور ہنگامی طبی امداد کی تربیت 10 منٹ کے سیشن میں فراہم کریں گے۔ خواتین کے مسائل اور سوالات کیلئے ہر سیشن میں لیڈی ڈاکٹرز بھی موجود ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے اپنی بارات کی تصاویر شئیر کر دیں

اس کے علاوہ تربیتی سیشنز میں عازمین کو مناسکِ حج کی عملی تربیت کے ساتھ جدید پاک حج ایپ کے استعمال کی مکمل رہنمائی بھی دی جائے گی، تاکہ وہ ایپ کے ذریعے حج کے دوران اپنی سہولیات اور رہنمائی سے مستفید ہو سکیں۔

حکام نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول کے مطابق تربیتی سیشنز میں لازمی شرکت کریں تاکہ حج کے دوران تمام مناسک اور حفاظتی اقدامات بخوبی انجام دے سکیں۔