مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے اپنی بارات کی تصاویر شئیر کر دیں
Junaid Safdar baraat pictures
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر نے اپنی بارات کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

جنید صفدر کی شادی لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی سیاسی شخصیات، اعلیٰ حکومتی عہدیداران اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔

شادی کی تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی و صوبائی وزرا اور قریبی رشتہ دار شریک ہوئے، جس کے باعث تقریب خاصی نمایاں رہی۔

جنید صفدر کا نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے پڑھایا۔ نکاح کی تقریب سادگی اور وقار کا حسین امتزاج تھی، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔

شادی کی تصاویر میں جنید صفدر کو سفید رنگ کی خوبصورت شیروانی میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ شانزے علی روحیل سرخ رنگ کے روایتی عروسی جوڑے میں ملبوس نظر آئیں۔

یہ بھی پڑھیں:جنید صفدر کی مہندی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

واضح رہے کہ جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہوئی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ یہ رشتہ سیاسی و سماجی حلقوں میں خصوصی دلچسپی کا باعث بنا رہا۔

جنید صفدر نے شادی کی تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب آج جاتی امرا میں منعقد ہو گی، جبکہ ان کی مہندی کی تقریب بھی جاتی امرا میں ہی منعقد کی گئی تھی۔ شریف خاندان کی اس شادی کی تقریبات اب بھی عوامی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔