مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق بی بی ایل کے سست ترین بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے محمد رضوان اور بابراعظم ٹاپ 2 پوزیشنز پر آگئے ہیں۔
دونوں پاکستانی پلیئرز سے ٹیموں اور ان کے مداحوں نے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر رکھی تھیں مگر دونوں نے ہی بی بی ایل میں پاور ہٹنگ کے بجائے روایتی محتاط کرکٹ کو ترجیح دی اور مداحوں اور ٹیموں کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے۔
بگ بیش لیگ کے رواں سیزن میں اسٹرائیک ریٹ کے حوالے سے سب سے زیادہ سست بیٹنگ کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں محمد رضوان پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جنہوں نے 102.74 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کیے۔
یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان کو ملتان سلطانز کی کپتانی سے ہٹانے کا امکان
محمد رضوان نے 10 اننگز میں 18.7 کی اوسط سے 187 رنز سکور کیے جبکہ وہ کوئی نصف سنچری تک نہیں بنا پائے ، سست بلے بازوں کی فہرست میں رضوان کے بعد دوسرا نمبر بابراعظم کا ہے جن کا اسٹرائیک ریٹ 107.48 ہے۔
بابر اعظم نے بی بی ایل کے حالیہ سیزن میں کھیلے جانے والے اب تک 9 میچز میں 28.71 کی اوسط سے 201 رنز بنائے ہیں جن میں ان کی دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
سست بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر 110.21 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کونسٹاس اور چوتھے نمبر پر 127.50 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ٹام روجرز موجود ہیں۔