راولپنڈی: معروف روحانی شخصیت کا بیٹا فائرنگ سے زخمی
راولپنڈی میں معروف روحانی شخصیت مرحوم پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی کے بیٹے کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں معروف روحانی شخصیت مرحوم پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی کے بیٹے کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مرحوم پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی کے بیٹے پیر سید علی امام جیلانی سہالہ سے واپس آ رہے تھے کہ روات کے قریب گاڑی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شفقت نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ پیر سید علی امام جیلانی زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے گئے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاش اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی گل پلازہ آتشزدگی کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

پولیس نے تصدیق کی کہ فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں ایک شہری جاں بحق ہوا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ افسران نے اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، سینئر پولیس افسران نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور واقعے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: شعبان المعظم کے چاند کے حوالے سے اہم پیشگوئی

راولپنڈی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والے پیر سید علی امام جیلانی کے والد پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی کچھ عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے۔