اس معاہدے کے تحت سعودی عرب جانے والے ہنرمندوں کیلئے مہارت کی تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے یکم جولائی سے اسکل ویریفکیشن پروگرام متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد مملکت میں آنے والے غیر ملکی ورکرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنا اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک سے آنے والے ہنرمند کارکنوں کو تکامول کے ذریعے اپنی مہارت کی تصدیق کروانا ہوگی۔
سعودی عرب میں کام کے خواہشمند افراد کو اب ورک ویزا کے حصول سے قبل تکامول ایس وی پی ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔
یہ ٹیسٹ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امیدوار متعلقہ پیشے کیلئے مقرر کردہ معیار اور مہارت پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف سعودی لیبر مارکیٹ میں معیار بہتر ہوگا بلکہ ہنرمند کارکنوں کو بھی بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
اس پروگرام کے نفاذ میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو پاکستان میں اسکل ویریفکیشن کے عمل کو آسان بنانے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری
اسکل سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے امیدواروں کو ایس وی پی انٹرنیشنل پورٹل پر رجسٹریشن کرنا ہوگی، جہاں ذاتی اور پیشہ ورانہ معلومات درج کرنے کے بعد تشخیصی مرکز، تجارت اور ٹیسٹ کی تاریخ منتخب کی جائے گی۔ امیدوار رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کرکے مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
تکامول اسکل ویریفکیشن سرٹیفکیٹ کی فیس 50 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 14 ہزار 100 روپے بنتی ہے، اگر امیدوار کامیابی سے امتحان پاس کر لے تو 24 گھنٹوں کے اندر اس کا نتیجہ اور اسکل سرٹیفکیٹ آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے، جسے بعد ازاں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔