کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری
Kuwait visa update
فائل فوٹو
کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت جانے کے خواہشمند غیرملکی افراد کیلئے کویتی حکومت نے امیگریشن اور لیبر نظام میں ایک اہم اور سہولت بخش تبدیلی متعارف کرا دی۔

رپورٹس کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی فار مین پاور (PAM) نے غیرملکی ورکرز کیلئے نئے ملٹی پل ٹرپ ایگزٹ پرمٹ کے اجرا کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا اور لوگوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

نئے نظام کے تحت غیرملکی کارکنان کو بار بار سنگل ایگزٹ پرمٹ لینے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ ایک ہی اجازت نامے کے ذریعے مخصوص مدت کے دوران متعدد بار کویت سے باہر جانے اور واپس آنے کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔

اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ آجر (مالک) اور ملازم (ورکر) دونوں کو عملی آسانی میسر آئے گی۔

پبلک اتھارٹی فار مین پاور کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کویت میں عوامی خدمات کو ڈیجیٹل ٹرانسفارم کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری امور کو آن لائن اور تیز تر بنایا جا رہا ہے۔ اس نئے پرمٹ کے ذریعے کام کے سلسلے میں بیرونِ ملک آنے جانے والے غیرملکی افراد کو خاصی سہولت حاصل ہوگی اور انتظامی رکاوٹیں کم ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:یمن کے وزیراعظم مستعفی ہو گئے

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ملٹی پل ٹرپ ایگزٹ پرمٹ محدود مدت کیلئے جاری کیا جائے گا، جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ورکرز ایک مقررہ وقت کے دوران متعدد سفر کر سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف لیبر مارکیٹ میں آسانی آئے گی بلکہ ملازمین کی پیشہ ورانہ اور ذاتی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

پبلک اتھارٹی کے مطابق اس نئے پرمٹ کیلئے درخواست اشل (Ashal) پورٹل کے ذریعے دی جا سکتی ہے، جہاں درخواست دہندہ اپنی ضرورت کے مطابق پرمٹ کی کیٹیگری منتخب کر سکتا ہے۔