اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے محب وطن عوام احتجاج جاری رکھیں،اپنے اداروں کا کنٹرول سنبھالیں۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین کا قتل عام بند ہونے تک ایرانی حکام سے بات چیت نہیں کریں گے، مظاہرین کے قاتلوں کے نام محفوظ کرلیں،انہیں عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔
دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے ایران پرممکنہ حملے کا منصوبہ صدرٹرمپ کو پیش کر دیا ہے، صدر ٹرمپ کو فضائی، سائبر اور نفسیاتی آپشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایرانی جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائل سائٹس کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے ، سائبر حملہ یا اندرونی سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانا ممکنہ آپشنز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر امریکی فوجی کارروائی ہو سکتی ہے، ٹرمپ کی وارننگ
رپورٹ کے مطابق ایک امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی حملے کا امکان ابھی چند دن بعد ہو سکتا ہے ، سائبر، نفسیاتی آپریشنز اور روایتی فوجی قوت مل کر ایک آپشن بھی ہو سکتے ہیں تاہم ایران کی جانب سے بھی شدید جوابی کارروائی کا خطرہ ہے۔
ادھر امریکا نے ایران پرممکنہ حملے سے پہلے مزید معاشی پابندیاں لگا دیں ، ٹرمپ نے تہران سے تجارت کرنے والے ملکوں پر پچیس فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فیصلہ حتمی ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، اس اقدام کا اطلاق فوری طور پر ہو گا، ایران سے تیل یا دیگر اشیا کی تجارت کرنے والوں کو ٹیرف دینا ہو گا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدرٹرمپ جب چاہیں گے ایران کے خلاف مکمل طاقت استعمال کی جا سکتی ہے جبکہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کےخلاف کارروائی سے پہلے سفارتکاری کی تجویز دی ہے۔
اس کو بھی پڑھیں: جو فرعون کے ساتھ ہوا، وہی ٹرمپ کیساتھ ہوگا، آیت اللہ خامنہ ای
رپورٹ کے مطابق خطے کی صورتحال کے پیش نظر امریکا اورآسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب چین نے ایران پرممکنہ حملے اور تجارت کرنے والے ممالک پرامریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کا استعمال درست نہیں، عالمی قوانین کے تحت ہر ملک کی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام مشکل صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں، ٹیرف کی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ، چین اپنے جائز اور قانونی حقوق و مفادات کا بھرپور تحفظ کرے گا ، بیجنگ ایران میں قومی استحکام برقرار رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔