شبِ معراج کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان
Shab-e-Meraj holiday
فائل فوٹو
ویب ڈیسک:(ویب ڈیسک) دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے مقدس رات شبِ معراج کے موقع پر کویت اور عمان نے 18 جنوری کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا۔

اسرا و معراج اسلامی تقویم کے مطابق 27ویں رجب 1447 ہجری کی رات کو منائی جائے گی، یہ رات مسلمانوں کیلئے نہایت اہم مذہبی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ اسی رات نبی اکرم ﷺ کو معجزانہ طور پر مسجد الحرام مکہ مکرمہ سے مسجد اقصیٰ یروشلم تک لے جایا گیا، جس کے بعد آپ ﷺ کو آسمانوں کی سیر کرائی گئی، اسی مقدس سفر کو اسرا و معراج کہا جاتا ہے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق ہجری کیلنڈر کے حساب سے شبِ معراج گریگورین کیلنڈر میں 16 اور 17 جنوری کی درمیانی شب کو واقع ہوگی، تاہم مختلف ممالک میں چاند نظر آنے کے فرق کی وجہ سے تعطیلات کی تاریخ میں رد و بدل ممکن ہے۔

کویت اور عمان نے اس مناسبت سے 18 جنوری کو سرکاری تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام اس رات عبادات اور نوافل میں زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں شبِ معراج کے موقع پر عام تعطیل نہیں ہوگی، البتہ مساجد میں خصوصی عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا، مذہبی حلقوں کے مطابق شبِ معراج کا پیغام صبر، ایمان اور اللہ پر کامل یقین کا درس دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد، کراچی سے عازمینِ حج روڈ ٹو مکہ کے تحت سعودیہ جائینگے

مسلمان اس مقدس رات میں نوافل ادا کرتے ہیں، قرآن پاک کی تلاوت، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

علما کرام کا کہنا ہے کہ شبِ معراج روحانی ترقی اور اللہ سے قربت حاصل کرنے کا ایک عظیم موقع ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔