سابق ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد گر کر شدید زخمی، ہسپتال منتقل
سابق ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد گھر میں گر کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
کوالالمپور : (ویب ڈیسک) سابق ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد گھر میں گر کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے 100 سالہ سابق وزیرِ اعظم مہاتیر محمد اپنے گھر کی بالکونی سے ڈرائنگ روم جا رہے تھے کہ اچانک پھسل کر زمین پر گرگئے جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ اور علاج معالجہ جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم کے اہل خانہ مہاتیر محمد کو فوری طور پر نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ لے کر گئے جہاں حال ہی میں ان کی دل کی سرجری بھی ہوئی تھی۔

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کے معاون صوفی یوسف نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیر اعظم ہوش میں ہیں اور ان کی حالت بہتر ہے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ انہیں ہسپتال سے فوری ڈسچارج کیا جائے گا یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکی صدر کی دھمکیوں پر ردعمل آگیا

خیال رہے کہ 1957 میں جب ملایا کی برطانوی تسلط سے آزادی حاصل کے مہاتیر محمد نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا تو انہوں نے ایک قوم پرست ملایو رہنما کے طور شہرت پائی، 1964ء میں وہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے مگر 1969 میں ہونیوالے انتخابات میں ہار گئے۔

1972ء میں مہاتیر نے نیشنل ملائیشن یونائیٹڈ آرگنائزیشن نامی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی اور 1973ءمیں مہاتیر سینیٹر بنے، 1974ء میں وہ وزیر تعلیم بنے پھر 1978ء میں ملائیشیا کے اس وقت  کے وزیر اعظم حسین اون نے مہاتیر کو نائب وزیر اعظم مقرر کیا، اس کے بعد پھر وہ وزیر تجارت و صنعت بنے اور 1981 میں انہوں نے ملائیشیا کے چوتھے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

اس کو بھی پڑھیں: نکولس مادورو کون، اقتدار اچانک کیوں ختم ہوا؟

مہاتیر نے تقریباَ بائیس سال ملائیشیا پر حکمرانی کی اور اپنے ملک کو تیسری دنیا کے ممالک کی صف سے نکال کر صفِ اول میں لاکھڑا کیا تاہم اکتوبر 2003 میں وزارتِ عظمی سے دستبرداری کے بعد مہاتیر نے سیاست سے تقریباَ کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، بعدازاں وہ دوبارہ 10 مئی 2018ء کو ملائیشیا کے انتخابات میں فتح کے بعد دنیا کے سب سے معمر ترین منتخب حکمران بن گئے۔