عمرہ زائرین رہیں ہوشیار، سعودی عرب نے تنبیہ کردی
سعودی عرب نے عمرہ و حج زائرین کو فراڈ عمرہ کمپنیوں سے خبردار کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے عمرہ و حج زائرین کو فراڈ عمرہ کمپنیوں سے خبردار کردیا۔

سعودی حکومت نے عمرہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو تنبیہ کی ہے کہ اپنے فرائض کی ادائیگی دینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ادا کریں یہ محض انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک عظیم دینی امانت بھی ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقامات ِمقدسہ کی زیارت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے مسلمان اللہ کے گھر کا طواف اور مسجد نبویؐ میں حاضری کے لیے اپنی زندگی کی جمع پونجی خرچ کرتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حجاج و عمرہ زائرین کی خدمت اللہ کے مہمانوں کی خدمت ہے اور اس میں کوتاہی دنیا و آخرت دونوں میں جواب دہی کا سبب بن سکتی ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا کہ عمرہ زائرین سے وعدہ کی گئیں خدمات اور سہولتوں کی عدم فراہمی اور عبادت میں خلل کا باعث بننے والی بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے ایک عمرہ کمپنی کو بین کردیا گیا ہے۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ متعدد زائرین ایسی صورتحال میں مقدس سرزمین پر پہنچے جہاں ان کے لیے پہلے سے طے شدہ قیام کا کوئی انتظام موجود نہیں تھا۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس عمرہ کمپنی کے بیرونِ ملک مقیم ایجنٹ کو بھی معطل کر دیا گیا اور عازمین کو یقین دلایا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد الحرام میں افطاری کیلئے درخواستیں طلب

بیان میں کہا گیا کہ عمرہ جیسے عظیم الشان اور روحانی سفر میں سکون، اطمینان اور سہولت بنیادی ضرورت ہے، اس سنگین غفلت کو قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری تادیبی اقدامات کیے گئے ہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ ان اقدامات کا مقصد متاثرہ زائرین کے حقوق کے تحفظ، مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور عمرہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

وزارت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مملکت ہر صورت میں اللہ کے مہمانوں کی عزت، سہولت اور سلامتی کو اولین ترجیح دیتی رہے گی۔

یاد رہے کہ رواں برس جون کے مہینے میں بھی 7 عمرہ کمپنیوں کو زائرین کے لیے سفری سہولیات میں کوتاہی برتنے پر معطل کیا گیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف جمادی الآخر کے مہینے میں دنیا بھر سے 17 لاکھ سے زائد مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں۔

یہ تعداد اس بات کی عکاس ہے کہ امتِ مسلمہ کا حرمین شریفین سے روحانی رشتہ کس قدر مضبوط اور گہرا ہے۔