سابق وزیراعظم بنگلہ دیش کے بیٹے کی 17 برس بعد وطن واپسی
بنگلادیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام چیئرمین و اہم سیاسی رہنما طارق رحمان 17 برس بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
اپوزیشن رہنما طارق رحمان وطن واپسی پر کارکنان کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلادیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام چیئرمین و اہم سیاسی رہنما طارق رحمان 17 برس بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق طارق رحمان کی واپسی پر ہزاروں لوگوں کا ہجوم دارالحکومت ڈھاکا کی سڑکوں پر امڈ آیا اور عوام نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا، رحمان طارق کے استقبال کے لیے آئے بی این پی کے کارکنان اور حامیوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ کارکنان کی جانب سے بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق طارق رحمان کی واپسی کو فروری 2026 میں متوقع عام انتخابات سے قبل ملکی سیاست کا ایک بڑا بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے، رحمان طارق کی واپسی سے اپوزیشن کی سیاسی حکمتِ عملی مزید منظم اور مضبوط ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈھاکہ، قاتلانہ حملے میں طالب علم رہنما جاں بحق

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طارق رحمان کی موجودگی بی این پی کی انتخابی مہم، تنظیمی ڈھانچے اور عوامی رابطہ مہم میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، طویل عرصہ بعد کسی بڑے اپوزیشن رہنما کی وطن واپسی سے سرد موسم میں سیاسی پارہ ہائی ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

واضح رہے کہ طارق رحمان 2008 میں 18 ماہ قید و بند کی صعوبتوں کے بعد علاج اور دیگر وجوہات کی بنا پر برطانیہ منتقل ہو گئے تھےجہاں وہ طویل عرصے تک قیام پذیر رہے اور اس دوران وہ بیرونِ ملک سے ہی پارٹی معاملات اور سیاسی حکمتِ عملی میں کردار ادا کرتے رہے۔