لاہور رنگ روڈ پر سفر مہنگا، ٹال ٹیکس میں اضافہ
لاہور رنگ روڈ پر سفر کرنا مہنگا ہو گیا، حکومت نے لاہور رنگ روڈ کے ٹال ٹیکس میں اضافہ کردیا ۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور رنگ روڈ پر سفر کرنا مہنگا ہو گیا، حکومت نے لاہور رنگ روڈ کے ٹال ٹیکس میں اضافہ کردیا ۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور رنگ روڈ پر کار اور جیپ کا ٹال ٹیکس 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کردیا گیا جبکہ ہائی ایس ، ویگن ، منی بس اور کوسٹر کا ٹال ٹیکس 140 روپے ہو گیا۔

اسی طرح بسوں کے ٹال ٹیکس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جو نئے شیڈول کے مطابق 350 روپے کر دیا گیا،ٹو اور تھری ایکسل تک لوڈر ، پک اپ ، ڈمپرز کا ٹال ٹیکس بڑھ کر 420 روپے ہو گیا جبکہ تھری ایکسل سے زائد لوڈر ، ٹرک اور ٹریلرز کو رنگ روڈ پر 700 روپے ٹال ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ٹال ٹیکس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور تمام داخلی و خارجی پوائنٹس پر وصولی نئے نرخوں کے مطابق کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پی آئی اے کی فروخت سے مطمئن ہے، خواجہ آصف

ٹال ٹیکس میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ایندھن کی قیمتوں، پرزہ جات اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہو چکا ہے، ایسے میں ٹال ٹیکس میں مزید اضافہ براہِ راست کرایوں میں اضافے کا سبب بنے گا، جس کا بوجھ آخرکار عام مسافروں پر پڑے گا۔

دوسری جانب عام شہریوں نے بھی ٹال ٹیکس میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور رنگ روڈ کو وقت اور ایندھن بچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن بار بار ٹال ٹیکس میں اضافے سے یہ سہولت اب مہنگی ہوتی جا رہی ہے جس سے روزمرہ سفر کرنے والوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔

شہری حلقوں اور ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹال ٹیکس میں اضافے پر نظرِ ثانی کی جائے یا کم از کم پبلک ٹرانسپورٹ اور روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے کوئی ریلیف پیکیج متعارف کروایا جائے تا کہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔