مسجد نبویؐ کے مؤذن کا انتقال، آخری اذان وائرل
مسجد نبویؐ میں اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے دعوت دینے والی رقت آمیز اور پُرسوز آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی۔
فائل فوٹو
مدینہ: (ویب ڈیسک) مسجد نبویؐ میں اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے دعوت دینے والی رقت آمیز اور پُرسوز آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبویؐ میں 25 برس سے اذان دینے کی سعادت حاصل کرنے والے شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے، وہ سنہ 2000 میں باضابطہ طور پر مسجد نبویؐ میں مؤذن مقرر ہوئے تھے۔

اذان دینا شیخ فیصل نعمان کی صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ یہ خوش نصیبی انہیں خاندانی وراثت میں ملی تھی ان کے دادا اور والد دونوں نے مسجد نبویؐ میں موذن کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیے تھے۔

ان کے والد کم عمری میں ہی اس عظیم منصب پر فائز ہوئے اور 90 سال سے زائد عمر تک مسجد نبویؐ میں اذان کے فرائض سرانجام دیتے رہے بعد ازاں یہ سعادت شیخ فیصل نعمان کے حصے میں آئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق شیخ فیصل نعمان کی نماز جنازہ بعد نماز فجر میں ادا کی گئی اور ان کی تدفین مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں کی گئی۔

خیال رہے کہ جنت البقیع وہ مقامِ مقدسہ ہے جہاں نبی کریم ﷺ کے اہل خانہ اور جلیل القدر صحابہ کرام آرام فرما ہیں اور اسی بابرکت سرزمین میں شیخ فیصل نعمان کو بھی سپرد خاک کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: روضہ رسول ﷺ کی زیارت کیلئے نئے اوقات مقرر

مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک جذباتی پیغام میں ان کی آخری اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جو انھوں نے 2 نومبر کو دی تھی اور یہی اذان ان کی زندگی کی آخری پکار ثابت ہوئی۔

پیغام میں کہا گیا کہ مرحوم فیصل نعمان کی آواز اب مسجد نبویؐ کے ماحول کا ایک مستقل حصہ بن چکی تھی جو ہمیشہ ہماری سماعتوں میں گونجتی رہے گی۔

مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے بلندی درجات اور مغفرت کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ فیصل نعمان نے اپنی زندگی مسجد نبویؐ میں بذریعہ اذان اللہ تعالیٰ کے پیغام کو بلند کرنے میں وقف کی اور یہ خدمت ان کے لیے صدقہ جاریہ رہے گی۔