یو اے ای میں نئے سال کی سرکاری چھٹیوں کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے سال 2026 کی ممکنہ سرکاری چھٹیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے سال 2026 کی ممکنہ سرکاری چھٹیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کے بعد ملازمین اور طلبہ اپنی چھٹیوں کو بھرپور انداز میں گزارنے اور سیر و تفریح کی منصوبہ سازی کرتے ہیں۔

اسی تناظر میں یو اے ای نے بھی سال 2026 کی ممکنہ تعطیلات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

سال 2025 کے اختتام کی جانب بڑھتے اور نئے سال آمد آمد کے ساتھ ہی امارات میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں۔

شہری یہ سوچ رہے تھے کہ پہلی سرکاری چھٹی کب ہوگی، کیونکہ امارات میں اسلامی کیلنڈر چاند کی بنیاد پر طے ہوتا ہے جس کے باعث ہر برس تعطیلات کی تاریخیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور عوام اکثر کشمکش کا شکار رہتے ہیں۔

تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں نئے سال کی پہلی سرکاری تعطیل یکم جنوری 2026 کو ہوگی، نئے سال کی تقریبات کے بعد شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شیڈول اور پارکنگ فیس میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات نے ویزا قوانین سخت کر دیے

متحدہ عرب امارات میں 2026 کی متوقع سرکاری چھٹیوں میں مجموعی طور پر بارہ تعطیلات شامل ہیں، ان میں نیو ایئر کا دن، یکم شوال بالترتیب عید الفطر کی تین چھٹیاں، نو ذوالحجہ کو یومِ عرفات اور دس ذوالحج سے بالترتیب عید الاضحی کی مزید تین چھٹیاں ہوں گی۔

اسی طرح پھر نئے اسلامی سال کے آغاز پر یکم محرم کو تعطیل ہو گی جبکہ بارہ ربیع الاوّل کو عید میلاد النبیؐ اور آخر میں دو سے تین دسمبر کو امارات کے قومی دن کی تعطیل شامل ہے۔

اگر چاند کی تاریخوں میں معمولی تبدیلی آ بھی جائے تو بھی نئے سال میں ایک طویل چھ روزہ ویک اینڈ ملنے کا امکان ہے۔