چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، تمام مسافر جان کی بازی ہار گئے
US plane crash
فائل فوٹو
نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا کی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک افسوسناک فضائی حادثے کے نتیجے میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے باعث طیارے میں سوار تمام 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حادثے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا جبکہ امریکی فضائی تحفظ پر بھی کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں معروف امریکی موٹراسپورٹس ریسنگ ڈرائیور گریگ بفل بھی سوار تھے، جو اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

گریگ بفل نہ صرف ریسنگ کی دنیا میں ایک نمایاں نام تھے بلکہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، طیارے میں گریگ بفل کے اہل خانہ بھی موجود تھے، جو حادثے میں جانبر نہ ہو سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہو گیا، طیارے کے گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، تاہم شدید آگ اور ملبے کے باعث کسی کو بچایا نہ جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں:سڈنی فائرنگ واقعہ، زخمی حملہ آور نوید اکرم پر فرد جرم عائد

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ مشترکہ طور پر اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

دوسری جانب گریگ بفل کی ہلاکت پر کھیلوں کی دنیا، خصوصاً موٹراسپورٹس حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔