تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت نے پاکستانی طلبہ کے لیے مجموعی طور پر 23 میڈیکل نشستیں مختص کی ہیں جن میں 21 نشستیں ایم بی بی ایس جبکہ 2 نشستیں بی ڈی ایس (ڈینٹل سرجری) کے لیے مخصوص ہیں، یہ نشستیں بنگلہ دیش کے مختلف تسلیم شدہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں دستیاب ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلے کے لیے اپنی درخواستیں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ذریعے جمع کروائیں، طلبہ اپنی درخواستیں بذریعہ ڈاک یا آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کرا سکتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: 720 فلیٹوں کی قرعہ اندازی، خوش نصیبوں کا اعلان
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کر کے جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا پریشانی سے بچا جا سکے۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستانی طلبہ کو بیرونِ ملک معیاری میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گا۔