وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا آغاز کیا اور کامیاب صنعتی کارکنوں کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور قرعہ اندازی میں کامیاب لوگوں کو سات دن کے اندر اندر فلیٹ دینے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماں جیسی ریاست نے 720 محنت کش خاندانوں کو ان کے اپنے گھروں میں بسانے کا بندوبست کر دیا۔ پنجاب کے محنت کش خاندانوں کو ماہانہ کرائے اوربے دخلی کی اذیت سے نکال دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان
مریم نواز نے بیواؤں اور سپیشل افراد کو قرعہ اندازی سے الگ کر کے فلیٹ دینے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ صنعتی ورکرز کے لیے مزید 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل کیے جائیں۔ مریم نواز نے شیخوپورہ میں قائداعظم بزنس پارک میں 700 ورکرز کیلئے بیچلر ہاسٹل کی 3 ماہ میں تکمیل کی ہدایت بھی کی اور سپیشل صنعتی ورکرز کی آسانی کیلئے گراؤنڈ فلور پر فلیٹس دینے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے ندیم طاہر نامی صنعتی ورکر کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے والدین کو ساتھ رکھنا کیونکہ ان کی دعاؤں سے آپ کو فلیٹ ملا ہے۔ صوبائی وزیر محنت منشا ء اللہ بٹ نے صنعتی ورکرز کے فلیٹس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی ورکرز کے لئے مفت فلیٹ، پلاٹ اور بیچلر ہاسٹل محمد نواز شریف کا ویژن ہے۔
قرعہ اندازی میں کامیاب قصور کے صنعتی ورکرز کو 480 جبکہ 240 فلیٹس لاہور کے ورکرز کے لئے مخصوص کئے گئے ہیں۔ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے فلیٹ پراجیکٹ کی مجموعی لاگت تین ارب 40 کروڑ روپے ہے ۔ صنعتی ورکرز کے لئے بنائے گئے ہر شاندار فلیٹ کی لاگت 36 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی پر خصوصی پیغام میں اے پی ایس کے بہادر بچوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ میں شہید و زخمی ہونے والے بچوں کے بہادروالدین اور خاندان والوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ سانحہ میں معصوم بچوں کی عظیم قربانی کو بھلایانہیں جا سکتا۔