بلغاریہ کے وزیراعظم کا کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان
بلغاریہ کے وزیر اعظم روزن ژیلیازکوف نے اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
صوفیا: (ویب ڈیسک) بلغاریہ کے وزیر اعظم روزن ژیلیازکوف نے اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلغارین وزیراعظم نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری سے کچھ دیر قبل ہی کابینہ سمیت استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم ژیلیازکوف نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مجھے یقین تھا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں گی، لیکن “حکومت کا وجود عوامی اعتماد سے ہے اور جب عوام سڑکوں پر نکل آئیں تو ان کی آواز سننا سب سے پہلے ہماری ذمہ داری ہے”۔

ان کا کہنا تھا کہ “ہم عوام کی آواز سنتے ہیں، عوام کے مطالبات واضح ہیں کہ حکومت مستعفی ہو، ملک بھر میں نوجوانوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد عوام حکومت مخالف مظاہروں میں شریک ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کی ناراضی رویوں اور طرز حکمرانی سے ہے نہ کہ صرف پالیسیوں سے”۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں ایک بار پھر جھڑپوں کا آغاز

بلغارین وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مخلوط حکومت نے مشکل حالات کے باوجود مملکت کو اس کی یورپی سمت پر گامزن رکھا اور معاشی استحکام کو یقینی بنایا، ہماری حکومت نے آئندہ سال کا بجٹ منظور کرلیا ہے، جو عوامی فلاح اور قوتِ خرید بڑھانے پر مبنی ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق اب نگراں حکومت کی تشکیل اور 2026 کے انتخابات تک ملک کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلغارین وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش گئی تھی جس میں انہوں نے ایوان میں 133 ووٹوں کی حمایت سے کامیابی حاصل کی تھی۔