تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں ایک بار پھر جھڑپوں کا آغاز
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔
فائل فوٹو
بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ نے جنگی بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کمبوڈیا پر فضائی بمباری کردی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

تھائی فوج نے کمبوڈیا پر فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ کمبوڈیا کے متعدد علاقوں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے فضائی حملوں کا آغاز کیا گیا ہے، کمبوڈین فورسز کو جنگی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب کمبوڈین وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ تھائی فوج نے علی الصبح فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور 2 مختلف مقامات پر حملے کیے تاہم کمبوڈین فورسز کی جانب سے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی گئی۔

حالیہ جھڑپوں کے بعد کمبوڈیا کے سرحدی علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا جبکہ شہریوں نے نقل مکانی بھی شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں سونے کا بڑا ذخیرہ دریافت

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملائیشیا میں ہونے والی آسیان کانفرنس میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان سیز فائر کروایا تھا جس پر دونوں ممالک کے نمائندوں کی جانب سے باقاعدہ دستخط بھی کیے گئے تھے۔

تاہم اب دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جارہا ہے، تازہ جھڑپوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے کئی غیر منقسم حصوں پر ایک صدی سے زائد عرصہ سے تنازع چلا آرہا ہے، جسے پہلی بار 1907 میں اس وقت نقشہ بند کیا گیا تھا جب فرانس کمبوڈیا پر نوآبادیاتی نظام حکمرانی کر رہا تھا۔