امریکا کا پاکستانی ویزا درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا کا جائزہ لازمی قرار
US visa requirements
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): امریکا نے 2026 سے غیر ملکی مسافروں، بشمول پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا شرائط سخت کر دی ہیں۔

اب تمام درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنی درخواست کے ساتھ گزشتہ پانچ سال کا سوشل میڈیا ریکارڈ جمع کرائیں۔

امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کی جانب سے فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اب درخواست گزاروں کو درج ذیل معلومات فراہم کرنا ہوں گی:

  • تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مکمل پانچ سالہ ہسٹری
  • ای میل ایڈریسز اور فون نمبر
  • خاندان سے متعلق معلومات بشمول رشتہ داروں کی تفصیلات

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ نئے اقدامات قومی سلامتی کو مضبوط بنانے اور اسکریننگ کے عمل کو بہتر کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں خصوصاً فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل جس کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا کونسا نمبر؟

امریکی محکمہ خارجہ نے اس سے قبل مسافروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ تصدیق کے لیے اپنی سوشل میڈیا پروفائلز کو پبلک رکھیں۔ نئے حکم نامے کے تحت اب پانچ سالہ ڈیجیٹل سرگرمی ظاہر کرنا لازمی ہو گیا ہے جس سے سیاحوں، کھیلوں کے شائقین اور کاروباری مسافروں کے لیے جانچ مزید سخت ہو جائے گی۔

حکام کے مطابق ان نئی شرائط سے بارڈر آفیسرز کو خطرات کا بہتر اندازہ لگانے اور امریکا میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کی مکمل بیک گراؤنڈ چیکنگ میں مدد ملے گی۔