ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ ہمارا پورا خطہ اس وقت جنگ کی لپیٹ میں ہے، یاد رہے جنگ کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتی، یہ صرف تباہی اور بحران پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہو مسائل کو حکمتِ عملی اور امن کے ساتھ حل کرنا ہی انسانیت اور اسلام دونوں کی تعلیم ہے، آج امتِ مسلمہ کو سب سے زیادہ ضرورت باہمی اتحاد کی ہے۔
مولانا طارق جمیل کا مزید کہنا تھا کہ رمضان کے اس بابرکت مہینے میں سب دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ دنیا کو امن عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد پر قائم رکھے۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ بھی اسرائیلی و امریکی حملے میں شہید
واضح رہے کہ ایران پر اسرائیلی و امریکی حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت ان کے اہلخانہ و دیگر رہنما شہید ہو چکے ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ ہفتے کے روز امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ حملے میں ایرانی وزارتِ دفاع، انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر، سپریم لیڈر علی خامنہای کے کمپاؤنڈ اور ایرانی ایٹمی توانائی کی تنظیم کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
حملوں کے بعد امریکی میڈیا اور اسرائیل کیجانب سے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای سمیت 5 سے 10 رہنماؤں کی کمپاؤنڈحملے میں شہادت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم ایرانی میڈیا نے سپریم لیڈر کی شہادت کی خبروں کی تردید کی تھی۔
بعدازاں ایران نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، وزیر دفاع اور فوجی سربراہ سمیت کئی اہم شخصیات کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔