حکومتِ کویت نے باضابطہ طور پر اپنا نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم وزٹ کویت (Visit Kuwait) متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے دنیا بھر کے افراد اب محض چند منٹوں میں آن لائن ای ویزا حاصل کر سکیں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا پورٹل رواں سال اگست میں لانچ کیا گیا تھا، تاہم اب اسے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دہندگان کو ایک ہی جگہ سے تمام ضروری معلومات، رہنمائی اور ویزا درخواست کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
نئے آن لائن نظام کے تحت کویت آنے والے افراد کیلئے چار اقسام کے ویزے دستیاب ہوں گے، جن میں سیاحتی، خاندانی، تجارتی اور سرکاری ویزا شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمرہ خدمات فراہم کرنیوالی کمپنیوں کیلئے 7 نئی شرائط تجویز
سیاحتی ویزا کے ذریعے دنیا بھر سے آنے والے سیاح کویت کے ثقافتی، تاریخی اور تفریحی مقامات کی سیر تین ماہ تک کر سکیں گے۔
خاندانی ویزا کے تحت کویت میں مقیم افراد اپنے رشتہ داروں کو 30 دن کے قیام کیلئے ملک بلا سکیں گے۔
تجارتی ویزا ان غیر ملکی کمپنیوں اور نمائندوں کیلئے ہوگا جو کاروباری ملاقاتوں، تقریبات یا معاہدوں میں شرکت کیلئے آنا چاہتے ہیں، اس کی مدت بھی 30 دن مقرر کی گئی ہے، جبکہ سرکاری ویزا صرف سرکاری وفود اور سفارتی مشنز کے لیے مخصوص ہوگا۔
کویتی وزارتِ داخلہ کے مطابق وزٹ کویت پلیٹ فارم کا مقصد ویزا کے عمل کو شفاف، تیز اور آسان بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر کویت کا رخ کریں اور ملک کی سیاحت و تجارت کو فروغ ملے۔