پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی، برطانوی نائب وزیراعظم عہدے سے مستعفی
 پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی ثابت ہونے پر برطانیہ کی نائب وزیراعظم انجیلا رینر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
فائل فوٹو
لندن: (سنو نیوز) پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی ثابت ہونے پر برطانیہ کی نائب وزیراعظم انجیلا رینر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نائب وزیراعظم انجیلا رینر نے جائیداد کی خریداری میں ٹیکس بچانے کااعتراف کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے حساس پوزیشن میں ہونے کے باوجود ٹیکس ماہرین سےمشورہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں تسلیم کرتی ہوں یہ میری غلطی ہے، ٹیکس ماہرین سے مشورہ نہ لینے کے اپنے فیصلے پر مجھے بہت افسوس ہے، تحقیقات کے نتائج اور میرے خاندان پر پڑنے والے اثرات کو دیکھتے ہوئے میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیراعظم انجیلا رینر پر الزام تھا کہ انہوں نے ایسٹ سسیکس میں فلیٹ خریدتے وقت درست اسٹامپ ڈیوٹی ٹیکس ادا نہیں کیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ رینر نے 8 لاکھ پاؤنڈز مالیت کے فلیٹ پر صرف 30 ہزار پاؤنڈز ٹیکس ادا کیا جبکہ دوسری جائیداد ہونے کے باعث انہیں 70 ہزار پاؤنڈز ٹیکس ادا کرنا چاہیے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں عوامی احتجاج پر اراکین پارلیمان کے الاؤنس میں اضافہ واپس

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ معاملہ سامنے آنے پر اینجلا رینر رواں ہفتے خود وزیراعظم کے اخلاقی مشیر کے سامنے پیش ہوئی تھیں، اخلاقی مشیر کی رپورٹ میں کہا گیا کہ نائب وزیرعظم اینجلا رینر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔

برطانوی وزیراعظم اسٹارمر نے نائب وزیراعظم کے استعفے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے رینر نے درست فیصلہ کیا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ فیصلہ ان کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے حکومت سے آپ کے جانے کا بہت افسوس ہے، اگرچہ آپ حکومت کا حصہ نہیں رہیں گی لیکن پارٹی میں آپ کا کردار اہم رہے گا۔