
ایئر انڈیا نے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے لیے پروازوں کو معطل کردیا ۔
انتظامیہ ایئرانڈیا کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے طویل روٹس پر پروازیں چلانا ممکن نہیں،حال ہی میں ایئر انڈیا کا بوئنگ 8-787 طیارہ گر کر تباہ ہوا، فلائٹ سیفٹی کے پیش نظر امریکا کے لیے پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ابتدائی طور ایئر انڈیا یکم ستمبر 2025 سے دہلی واشنگٹن روٹ پر پروازیں بند کر رہی ہے، معطلی بنیادی طور پر ایئر انڈیا کے بیڑے میں منصوبہ بند کمی کی وجہ سے ہے، ایئر انڈیا نے گزشتہ ماہ اپنے 26 بوئنگ 8-787 طیاروں کو دوبارہ تیار کرنا شروع کیا تھا ۔
خیال رہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارت کی انڈیگو ایئر نے پہلے ہی اپنی وسط ایشیائی ملکوں کی پروازوں کو بند کردیا تھا، بھارتی ایئرلائنز کو پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے اب تک 30 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ٹکڑے ؟ نئے ملک کا وجود، حقیقت کیا؟
رپورٹ کے مطابق رواں برس اپریل سے اب تک بھارتی ایئرلائنز کی 10 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں، متاثر ہونے والی پروازوں میں بھارت کی ایئر انڈیا، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر ، اکاسا ایئر ، ایئر انڈیا ایکسپریس اور دیگر بزنس جیٹ طیاروں کی پروازیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارت کی نئی دہلی، امرتسر، ممبئی احمد آباد بنگلور سمیت دیگر ایئرپورٹس کی پروازوں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب تک گھوم کر بین الاقوامی بارڈر تک آنا پڑتا ہے۔