لاس اینجلس: مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی
 لاس اینجلس سے اٹلانٹا جانے والے مسافر طیارے کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔
فوٹو سکرین گریب
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) لاس اینجلس سے اٹلانٹا جانے والے مسافر طیارے کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ڈیلٹا ایئرلائنز کے مسافر طیارے کی پرواز 446 کے ساتھ پیش آیا جو کہ بوئنگ 767 جہاز ہے، طیارے میں 226 مسافر اور عملے کے 9 افراد سوار تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارے میں لاس اینجلس ایئرپورٹ سے اڑان بھری ہی تھی کہ اچانک جہاز کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کو لاس اینجلس ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بجھانے والا عملہ طیارے کی لینڈنگ سے قبل ہی رن وے پر پہنچ چکا تھا اور لینڈنگ فوری بعد طیارے کے انجن میں لگی آگ کو بجھا دیا گیا۔

ترجمان ڈیلٹا ایئرلائن نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’ لاس اینجلس ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی طیارے کے بائیں انجن میں آگ لگنے کا انکشاف ہوا جس پر اسے فوراً واپس موڑا گیا اور پائلٹ نے لاس اینجلس ایئرپورٹ پر ہی کامیابی سے لینڈنگ کی۔

یہ بھی پڑھیں: برازیل میں طیارہ گر کر تباہ، پائلٹس جان کی بازی ہار گئے

ترجمان کے مطابق مسافر طیارے میں عملے سمیت 235 افراد سوار تھے ، واقعہ میں کسی کے زخمی کے ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کیجانب سے بتایا گیا طیارے میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے، سکیورٹی پروٹوکولز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بروقت لینڈنگ پر طیارے میں سوار مسافر پرسکون دکھائی دیے اور درست فیصلہ کرنے پر انہوں نے کپتان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مسافر طیارے کے انجن میں اچانک لگنے والی آگ کی وجوہات کے تعین کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آ سکی ۔