ایرانی مسلح افواج نے اسرائیل میں رہنے والے شہریوں کو سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ حساس اور اہم تنصیبات کے قریب رہائش اختیار نہ کریں اور مقبوضہ علاقوں کو فوری طور پر چھوڑ دیں۔
ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو بیان میں ایرانی فوج کے ترجمان نے خبردار کیا کہ ہمارے پاس اسرائیل کے اندر موجود تمام اہم اور حساس تنصیبات کا مکمل اور درست ڈیٹا موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کا ایندھن نہ بنیں اور خود کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ ہونے دیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل نے اپنے حملے جاری رکھے تو ایران کا ردعمل مقبوضہ علاقوں کے ہر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے گا،یہ علاقے جلد ناقابلِ رہائش ہو جائیں گے، اس لیے شہری اس وارننگ کو سنجیدگی سے لیں اور ان علاقوں کو جلد از جلد خالی کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس سربراہ اور نائب شہید
واضح رہے کہ اس بیان کے فوراً بعد ایران نے ایک بار پھر اسرائیل کی جانب متعدد میزائل داغے ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ وارننگ اور حملہ مشرقِ وسطیٰ میں ایک وسیع تر جنگ کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے تنازع ختم کرنے پر زور دے دیں۔