اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس سربراہ اور نائب شہید
Mohammad Kazemi killed
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے حالیہ حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس سربراہ محمد کاظمی اور ان کے نائب شہید ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی خبرایجنسی کی جانب سے تصدیق کر دی گئی ہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس سربراہ محمد کاظمی اور ان کے نائب شہید ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ ایران کے دارالحکومت تہران پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایران کے انٹیلی جنس ڈھانچے کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

ایران کی جانب سے اس واقعے کی سرکاری سطح پر تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف اور ان کے ڈپٹی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم وہ سب کچھ کرتے ہیں جو ہمیں ضروری لگتا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی حملے،13 اسرائیلی ہلاک، 380 زخمی، وزیراعظم کی رہائشگاہ بھی نشانہ

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے لاحق دو بڑے خطرات جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائل صلاحیت کے مکمل خاتمے تک ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ہم بات چیت کے بارے میں پھیلنے والی غلط رپورٹس کو رد کرتے ہیں کیونکہ بہت سی باتیں کبھی ہوئی ہی نہیں ہیں۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ امریکا جانتا ہے کہ اس کے مفاد میں کیا بہتر ہے، اور اسرائیل اپنے وجود کو لاحق کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔

ذہن نشین رہے کہ ایران کی جانب سے شہادت کی تصدیق کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور خدشہ ہے کہ صورتحال ایک نئے تنازع کی جانب بڑھ سکتی ہے۔