ایرانی حملے،13 اسرائیلی ہلاک، 380 زخمی، وزیراعظم کی رہائشگاہ بھی نشانہ
 ایران کے اسرائیل پر حملوں میں 13 اسرائیلی ہلاک جبکہ 380 زخمی ہوئے جس کی اسرائیلی حکام نے تصدیق کردی۔
فائل فوٹو
تل ابیب، تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے اسرائیل پر حملوں میں 13 اسرائیلی ہلاک جبکہ 380 زخمی ہوئے جس کی اسرائیلی حکام نے تصدیق کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرئیل پر حملے میں نیتن یاہو کے گھر کو بھی نشانہ بنایا،ایران نے اسرائیل کے ساحلی شہر قیصریہ میں واقع نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا جبکہ ہدیرہ کے پاور اسٹیشن پر بھی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی کابینہ نے ملک بھر میں نافذ نیشنل ایمرجنسی کو 30 جون تک توسیع دینے کی منظوری دے دی ، اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے 14 جون کو نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایران کا ایک بار پھر اسرائیلی شہروں پر حملہ، ملٹری کمپنی تباہ

ایران کا اسرائیلی جارحیت کیخلاف آپریشن وعدہ صادق سوم جاری ہے، ایران کی جانب سے ایک بار پھر اسرائیلی شہروں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، ایرانی میزائل حملوں کے بعد یروشلم ، تل ابیب اور حیفہ میں دھماکے سنائی دیئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن بج اٹھے، ایران نے ہائپر سانک میزائلوں سے اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ، ایرانی میزائلوں نے رافیل ملٹری کمپنی کو تباہ کر دیا۔

صیہونی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ ایران کے میزائل حملوں سے حیفہ میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ حیفہ میں ایرانی میزائل حملوں میں 4 اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیلی شہر حیفہ میں 2 عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

دوسری جانب ایران پر بھی اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں بیک وقت پانچ کار بم دھماکوں کی اطلاعات ہیں جبکہ مشہد میں بڑے اسرائیلی حملے رپورٹ ہوئے ہیں، اسرائیلی حملے کے بعد مشہد ایئرپورٹ پر شدید آگ بھڑک اٹھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے کے بعد تہران میں پانی اور سیوریج کی بڑی لائنیں پھٹ گئیں،دھماکوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں جبکہ مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ادھر عراقی وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ایران کے لیے عراق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، شیعہ السوڈانی نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

عراقی صدر شیعہ السوڈانی کا ایرانی صدر سے ٹیلفونک گفتگو میں کہنا تھا کہ عراق جنگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پرعزم ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے صیہونی حکومت کے خلاف واضح مؤقف پر عراقی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔