
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئے عمرہ سیزن کا آغاز ہو گیا ہے، آج 11 جون بروز بدھ سے (Nusuk) ایپلیکیشن کے ذریعے اجازت نامے جاری ہوجائیں گے۔
ذہن نشین رہے کہ یہ ایپلیکیشن نہ صرف عمرہ کا بہترین تجربہ فراہم کرتی ہے، بلکہ آسانی سے اجازت نامے کی بکنگ اور اجازت نامے حاصل کرنے میں انتہائی موثر ثابت ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ حج سیزن 2025ء کے آغاز کے ساتھ ہی سعودی حکومت کی جانب سے اپریل 2025 میں عمرہ اجازت نامے جاری کرنا بند کر دیے گئے تھے اور 29 اپریل کو غیر ملکیوں کی روانگی کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:رواں برس 16 لاکھ 73 ہزار سے زائد عازمین نے فریضہ حج ادا کیا
سعودی وزارت حج وعمرہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نئے عمرہ سیزن کیلئے تکنیکی اور آپریشنل تیاریوں کی شروعات ہوگئی ہے،متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل اور آگاہی کی خدمات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ عمرہ کیلئے حفاظت اور اعلیٰ ترین معیار کی فراہمی کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے عمرہ ویزوں کے اجراء پر عارضی پابندی کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں غیرضروری رش نہ ہواور حجاج کرام بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے حج کا مبارک فریضہ ادا کر سکیں۔